امریکہ پاکستان میں آزاد اور منصفانہ انتخابات میں دلچسپی رکھتا ہے: امریکی سینیٹر

11:18 AM, 10 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن :  ڈیمو کریٹک پارٹی کے سینیٹر کرس وان ہالن کاکہنا ہے کہ پاکستان میں انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہونے چاہئیں۔ امریکہ، دیگر جمہوریتیں اور پاکستانی عوام انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ کرانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

واشنگٹن میں پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم کے ڈی ایم وی چیپٹر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکی سینیٹر کرس وان ہالن نے بطور مہمانِ خصوصی  شرکت کرتے ہوئے پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ  ایک عرصے سے بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہوں، بائیڈن انتظامیہ پاکستانی سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی۔

انہوں نے کہا کہ میں یقین سےکہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی سیاست سے متعلق کچھ بھی انجینئر کرنے کی کوشش نہیں ہوئی ، یہ پاکستانی عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنے قائدین کا فیصلہ کریں، یقینی بنایا جائے کہ پاکستانی عوام کی مرضی سنی جائے اور ان کی عکاسی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ  بائیڈن انتظامیہ پاکستان کے ساتھ انتہائی مضبوط اور دو طرفہ تعلقات کی خواہشمند ہے، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات دنیا بھر میں استحکام اور سلامتی کے لیے اہم ہیں۔

امریکی سینیٹر کرس وان ہالن نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد امریکا کی مدد دیکھنےمیں آئی، امریکا نے پاکستان کے معاملے میں آئی ایم ایف کو ہنگامی معاشی ریلیف کے ساتھ آگے آنے کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزیدخبریں