پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ 

10:03 PM, 10 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اونتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے باعث انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ پاکستان کو فوری طور پر بڑی مالی امداد کی ضرورت ہے، اقوام عالم اور عالمی اداروں کو مشکل کی اس گھڑی میں فراخدلی سے پاکستان کی مدد کرنی چاہیے۔ 

کراچی ایئر پورٹ پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتےانہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے جو تباہی دیکھی ہے دنیا میں کسی بھی آفت کے دوران اتنی تباہی نہیں دیکھی، اس صورتحال کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں، فصلیں تباہ ہوئی ہیں، جانور بہہ گئے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں لوگ اپنا گھر بار اور ذریعہ معاش سمیت سب کچھ کھو چکے ہیں ایسی صورتحال پاکستان میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج کا بڑا مسئلہ ہے، پاکستان دوسرے ممالک کے اقدامات کی قیمت چکا رہا ہے، کاربن کے پھیلائو میں جی 20 ممالک کا حصہ 80 فیصد ہے، ترقیاتی ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آگے آنا چاہئے، صنعتی ممالک کو بدترین کاربن کے اخراج میں کمی کرنی چاہئے، آج پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہے تو کل کوئی اور ملک ہو گا، اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو مستقبل میں بہت زیادہ خطرہ ہو گا۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اقوام عالم اور عالمی اداروں کو پاکستان کی مدد کرنی چاہئے کیونکہ پاکستان کو لاکھوں افراد کی بحالی کیلئے فوری طور پر بڑی مالی امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو سنجیدگی سے اس بات کو سوچنا ہو گا کہ آفت کی صورت میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کس طرح کی جائے، انہیں پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کو مشکل مالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مدد کیلئے نیا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری تیزی سے پاکستان کی مدد کیلئے آگے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت امدادی اداروں اور سماجی تنظیموں کو بھی آگے بڑھ کر مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہئے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا دورہ خوش آئند ہے اور اس دورہ سے عالمی سطح پر پاکستان کیلئے امداد کی کوششوں میں عالمی برادری کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بھرپور مصروفیات کے باوجود پاکستان کا دورہ کرنے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں