راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج اندرون سندھ کے علاقے دادو کا دورہ کریں گے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف دورہ سندھ میں ریلیف اور میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے ۔ آرمی چیف ریسکیو اور ریلیف میں مصروف جوانوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ اس کے علاوہ خیرپورناتھن شاہ ، جوہی ، میہڑ ار منچھرجھیل کا فضائی جائزہ بھی لیں گے ۔
دوسری جانب ، وزیر اعظم شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے سندھ اور بلوچستان میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، جہاں اُن کو سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب کے باعث سندھ اور بلوچستان کا وسیع رقبہ متاثر ہوا ۔ سیلاب کی وجہ سے فصلوں ، مویشیوں اور املاک کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ متاثرین کو ریلیف کیلئے اشیائے ضروریہ کی فراہمی جاری ہے ۔ متاثرین کی طبی سہولتوں کیلئے میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین کو ریسکیو کیا جارہا ہے ۔ متاثرین تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے ۔ پلوں کے ٹوٹنے سے بلوچستان کا سندھ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا ۔