اسلام آباد: افغانستان کے دارالحکومت کابل ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کی بحالی کے بعد پی آئی اے نے بھی بڑا فیصلہ کر لیا۔
قومی ایئرلائن پی آئی اے نے مسافروں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے کابل کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پیر 13 ستمبر کو صبح 7 بجکر 30 منٹ پر کابل روانہ ہو گی جس کے لیے افغان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اےکو لینڈنگ کی اجازت دیدی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نےکابل فلائٹ آپریشن کیلئے تیاری مکمل کر لی ہے اس آپریشن میں پی آئی اے ایئربس320 طیارے استعمال کرےگی ۔
دوسری جانب قطری حکام نے کابل ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام نے کہا کہ کابل ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔ قطر ایئر ویز کی ایک پرواز غیر ملکی مسافروں کو لے کر آج کابل سے روانہ ہو گی۔
خیال رہے کہ طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ایئرپورٹ کا نام تبدیل کر دیا ہے۔ حامد کرزئی ایئر پورٹ کا نام کابل انٹرنیشنل ایئر پورٹ کر دیا گیا ہے۔