ابوظہبی : یواے ای کی نیشنل کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی اور آئی سی اے کی جانب سے ڈبلیو ایچ او کی منظور شدہ ویکسین لگوالینے والے رہائشیوں کو ملک واپس آنے کی اجازت کا اعلان کردیا گیا۔ فیصلے کے تحت وہ شہری بھی واپس آسکتے ہیں جو 6 ماہ سے یواے ای سے باہر ہیں۔ فیصلے کا اطلاق اتوار(12 ستمبر) سے ہوگا۔
اماراتی حکام کی جانب سے جاری کی گئی جوائنٹ اسٹیٹمنٹ میں بتایا گیا کہ فیصلے کا اطلاق بھارت، پاکستان ، بنگلہ دیش ، نیپال، سری لنکا ، ویت نام ، نمیبیا، زیمبیا، کانگو، یوگنڈا، سیرالیون ، لائبیریا، جنوبی افریقا ، نائجیریا اور افغانستان سے آنے والے مسافروں پر ہوتا ہے۔
امارات واپس آنے والے مسافروں کو آئی سی اے کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دینے ہوگی اور منظوری حاصل کرنے کیلئے ویکسی نیشن اپلی کیشن مکمل کرنا ہوگی۔ اور واپسی سے قبل ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔
امارات آنے والوں کو روانگی سے پہلے 48 گھنٹے کے اندر کروائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی دکھانا ہوگی۔ اس رپورٹ پر کیو آر کوڈ ہونا ضروری ہے۔ روانگی سے پہلے ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ بھی کروانا ہوگا۔ دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کے ساتھ ساتھ یواے ای پہنچنے کے بعد چوتھے اور آٹھویں دن پی سی آر ٹیسٹ دوبارہ کروانا ہوگا۔
متحدہ عرب امارات آنے والے 16 سال سے کم عمر بچوں کو اس پابندی سے رعایت ہوگی ۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور شدہ ویکسین لگوا لینے والے وہ رہائشی جو سفری پابندیوں کا اعلان ہونے کے بعد درج بالا ممالک میں کسی ملک میں 6 ماہ سے زیادہ عرصے سے رہ رہے ہیں وہ اب نئے پرمٹ پر واپس آسکتے ہیں اور ملک میں داخل ہونے کے بعد اپنا اسٹیٹس درست کرواسکتے ہیں۔