ووٹ کی عزت کرنے والے عثمان بزدار اور وفاق کیخلاف عدم اعتماد لیکر آئیں، بلاول بھٹو

 ووٹ کی عزت کرنے والے عثمان بزدار اور وفاق کیخلاف عدم اعتماد لیکر آئیں، بلاول بھٹو
کیپشن: ووٹ کی عزت کرنے والے عثمان بزدار اور وفاق کیخلاف عدم اعتماد لیکر آئیں، بلاول بھٹو
سورس: فوٹو/ اسکرین گریب

رحیم یار خان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ان کی جماعت دوستوں پر نہیں اب جیالوں پو بھروسہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن کچھ دوستوں نے کہا کہ لانگ مارچ استعفے کے بغیر نہیں ہوسکتا۔ ہم اپنے دوستوں سے مطالبہ کریں گے کہ عثمان بزدار اور عمران خان کیخلاف عدم اعتماد لے کرآئیں۔

بلاول نے کہا دوست جس بات پر پیپلزپارٹی سے الگ ہوئے وہ ہی اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور استعفیٰ دے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اقلیت کی حکومت ہے اکثریت کی نہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم نے ملک کے ہر شہری کو تکلیف پہنچائی ہے۔ ہماری اور عمران خان کی معاشی پالیسی میں واضح فرق ہے اور ہم نے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں بھی 120 فیصد اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں پوری دنیا میں معاشی بحران تھا۔ لیکن پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے دوران عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا۔ پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے دوران تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا تھا۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا۔ روزگار دینے کے بجائے لوگوں سے روزگار چھین لیا گیا اور گھر بنانے کے بجائے لوگوں سے ان کی چھت چھین لی۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان کے دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہو رہی ہے۔ آج ملک بے روزگاری اور مہنگائی بڑھتی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوام سے کیے تمام وعدے پورے کیے تھے۔ لیکن آج عوام مشکل میں ہیں، دواؤں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ملک میں غربت بڑھ رہی ہے اور تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہو رہا۔ پیپلزپارٹی نے ہرصوبے کو اختیارات دیئے۔ آج پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے عوام رو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب، بلوچستان، سندھ کے عوام پس رہے ہیں اور اگر ہم عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتریں گے تو مایوسی والی بات ہو گی جبکہ ہم جیالوں کے ساتھ ملکر خان صاحب کو بھگائیں گے اور جیالے خان کو بھگانے کے لیے تیار ہیں۔