وزیراعظم عمران خان سے اسپین کے وزیر خارجہ کی ملاقات

PM Imran Khan, PTI,Speaker National Assembly,Spain Foreign Office,Spanish Foreign Minister Jose Manuel Albares Bueno

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان کے دورہ پر آئے وزیر خارجہ سپین جوز مینوئل البرس بوینو نے اہم ملاقات کی جس میں خطے کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نےپاکستان اور خطے کے لیے محفوظ،مستحکم اور پرامن افغانستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا افغانستان کی موجودہ صورتحال کے بعد عالمی برادری کے نقطہ نظر میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا افغان عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہونی چاہیے ،اس وقت افغان عوام کی ضروریات کو پورا کرنے اورمعاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں بین الاقوامی برادری کے مثبت کردار پربھی زور دیا ،ملاقات میں   اسپین کے وزیر خارجہ  نے سفارتی اور بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں کے انخلا میں  پاکستان کی کوششوں کو خوب سراہا،وزیر اعظم عمران خان نے اس سلسلے میں سپین کے وزیر خارجہ کو پاکستان کی طرف سے مسلسل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا ۔

وزیراعظم نے اسپین میں پاکستانیوں  کے لیے اسپین حکومت کےمثبت کردار کی بھی تعریف کی،اعلامیہ میں کہا گیا   اس سال پاکستان اور سپین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے،دونوں فریق اس موقع کو مخصوص تقریبات کے ذریعے منائیں گے۔