اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں صحت کارڈ کے حوالے سے منصوبے کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پنجاب میں صحت کارڈ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے 36 اضلاع میں 4 کروڑ صحت کارڈ کی تقسیم 31 دسمبر سے شروع ہو گی اور صحت کارڈ کی تقسیم کا عمل مارچ 2022 تک مکمل کر لیا جائے گا۔
حکام نے کہا کہ صحت کارڈ سہولت کیلئے بڑے پیمانے پر عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کو یقینی بنانے کیلئےتمام وسائل استعمال کریں صحت کارڈ کی فراہمی کو موجودہ حکومت کا انتہائی اہم اقدام ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی موجودہ حکومت کے ویژن کا اہم جزو ہے معاشرے کے کمزور طبقات تک صحت کی سہولتیں دیناحکومت کی ذمہ داری ہے صحت کارڈاقدام سے اسپتالوں کے شعبے خصوصاً نجی شعبے کو فروغ حاصل ہو گا اور اسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے یکساں معیاری سہولت یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ اسپتالوں میں آنیوالے افراد خصوصاً کم تعلیم یافتہ افراد کی مناسب رہنمائی کی جائے سہولت سے مستفید افراد کے فیڈ بیک کو نظام کا مستقل حصہ بنایا جائے اور منصوبے پر عملدرآمد مؤثر بنانے کیلئے خصوصی سیل تشکیل دیا جائے۔