عدالت نے اداکارہ صباقمر اور گلوکار بلال کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے

01:59 PM, 10 Sep, 2021

لاہور : مقامی عدالت نے مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اورویڈیو بنانے سے متعلق کیس میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے۔ عدالت نے دونوں کو 6 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلع کچہری میں مسجد وزیرخان میں شوٹنگ اورویڈیو بنانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، صبا قمر ،بلال سعید کے وکیل نے درخواست جمع کرائی، جس میں آئندہ سماعت پر دونوں کو پیش کرنےکی یقین دہائی کرائی۔

عدالت نے صبا قمر ،بلال سعید کے وکیل کی درخواست پرتحریری حکم جاری کردیا ، جس میں اداکارہ صباقمراور بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے، عدالت نے30 ہزار روپےشیورٹی بونڈزجمع کرنےکےبعدوارنٹ گرفتاری منسوخ کئے۔

عدالت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو 6 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے 2 روز قبل عدالت نے مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کے کیس صبا قمر اور بلال سعید کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ جاری کئے تھے۔

یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں سیشن کورٹ نے مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کے کیس میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا تھا کہ جزا اور سزا کا فیصلہ ٹرائل میں ہو گا۔

خیال رہے صباء قمر اور بلال سعید کے خلاف مسجد وزیر خان میں شوٹنگ پر تھانہ اکبری گیٹ پولیس نے مقدمہ درج کیا گیا تھا، بعد ازاں صبا قمر اور بلال سعید نے ضمانت کے لیے لاہور کی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستانی گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے اپنے آنے والے گانے ‘قبول ہے’ کی شوٹنگ کے دوران چند تصاویر اور ویڈیو شیئر کیں تھی جو کہ مسجد وزیر خان کے اندر شوٹ کیا گیا تھا، جس کے بعد مسجد کا تقدس پامال کرنے پر طوفان برپا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا تھا۔

مزیدخبریں