جتنے وفادار ملک سے باہر بیٹھے ہیں، اتنے شاید ملک میں نہیں، وزیراعظم

جتنے وفادار ملک سے باہر بیٹھے ہیں، اتنے شاید ملک میں نہیں، وزیراعظم
کیپشن: باہر بیٹھے لوگوں کو احساس ہوتا ہے ملک کتنا اہم ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ایسا سمجھا جاتا ہے جیسے وہ غدار ہیں، جتنے وفادار ملک سے باہر بیٹھے ہیں اور اتنے شاید ملک میں نہیں۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو شک کی نگاہ سے کیوں دیکھا جاتا ہے اور ہر دوسرے دن لوگ دہری شہریت کے خلاف عدالت چلے جاتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں سے بڑا ہمارا کوئی اثاثہ نہیں، باہر بیٹھے لوگوں کو احساس ہوتا ہے ملک کتنا اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑا اقدام ہے جس میں پاکستان کے کمرشل بینکوں کا تعاون بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بڑے تعمیری شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مراعات دینے کی وجہ سے ایکسپورٹ بڑھنا شروع ہو گئی ہیں، تعمیراتی صنعت اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں کیونکہ 30 سے زائد مقامی صنعتیں اس سے براہ راست وابستہ ہیں۔