اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے خود پر تنقید کرنے والوں کو شاعرانہ انداز میں ایک اور جواب دے دیا۔
سرفراز احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ نہ میں گرا نہ میری امیدوں کے مینار گرے، پر کچھ لوگ مجھے گرانے میں کئی بار گرے۔سابق کپتان نے یہ ٹویٹ ایک اور ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا جس میں کہا گیا تھا کہ سرفراز نے گزشتہ سال ڈومیسٹک کرکٹ میں سندھ کی کپتانی چھوڑی، انہیں پھر کپتان مقرر کر دیا گیا۔
نہ میں گرا نہ میری امیدوں کے مینار گرے
— Sarfaraz Ahmed (@SarfarazA_54) September 10, 2020
پر کچھ لوگ مجھے گرانے میں کئی بار گرے🔥👏👏 https://t.co/KAx4D3YM6G
خیال رہے کہ قبل ازیں ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ اتنا چبھنے لگا ہوں سب کو چھرا تو نہیں، جانی جتنا بتاتے وہ میرے بارے میں اتنا برا بھی نہیں ہوں۔سرفراز احمد دورہ انگلینڈ میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ تھے، انہیں ٹی ٹوینٹی سیریز کے آخری میچ میں کھیلنے کا موقع ملا تھا۔سرفراز احمد نے میچ میں ایک اسٹمپ آؤٹ کا موقع ضائع کیا، مگر سوشل میڈیا صارفین نے سرفراز کو تنقید کا نشانہ بنانے میں کوئی موقع ضائع نہ کیا۔
اس سے قبل سرفراز احمد کی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچ کے دوران گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر جمائیاں لینے کی تصویریں بھی سوشل میڈیا ٹائم لائنز کی زینت بنیں۔
خیال رہے کہ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح سابق کپتان سرفراز احمد کو واٹر بوائے بنانے پر سوشل میڈیا پر کافی بحث کی گئی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں ٹیسٹ میچ کے دوران سرفراز احمد شان مسعود کیلئے میدان میں پانی اور جوتے لے کر آئے تھے۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ سرفراز کو عزت ملنی چاہیے تھی کیونکہ وہ چیمپیئن کپتان ہیں اور چیمپیئنز کے ساتھ ایسا سلوک روا نہیں رکھا جاتا۔ایک صارف نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی تصویر یہ لکھ کر شیئر کی تھی کہ کوہلی بھی ایسا کر چکے ہیں پی سی بی پر کسی ٹھوس مسئلہ پر تنقید ہونی چاہیے۔