اپنی ناکامی چھپانے کیلئے حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے، شاہد خاقان عباسی

02:53 PM, 10 Sep, 2020

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپنی ناکامی چھپانے کے لیے حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کی اپیل کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپیل سے نواز شریف کی غیر حاضری پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور نوازشریف کے وکلا کی رپورٹس سے ثابت ہوتا ہے ان کا علاج مکمل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا بھی یہی مؤقف ہے کہ نواز شریف کا علاج کورونا وائرس کی وجہ سے مکمل نہیں ہوا اور وہ علاج مکمل کرانے کے بعد ہی واپس آئیں گے۔ عدالت نے وفاق سے پوچھا کیا آپ نے نواز شریف کی صحت سے متعلق تصدیق کی ؟ علاج چھوڑ کر عدالت میں پیش ہونا انسانی تقاضوں کے مطابق ممکن نہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جو بات سارا پاکستان جانتا ہے اس کا علم نیب کو ہی نہیں ہے نیب کا وجود ہی بدنیتی پر ہے کیونکہ نیب کہہ رہا ہے ہمیں علم نہیں نواز شریف کہاں ہیں۔ اپیل پر کارروائی نواز شریف کی غیر حاضری میں بھی ہو گی۔شہباز شریف کے کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف آج احتساب عدالت لاہور میں پیش ہوئے جبکہ ان کی بیٹی اور اہلیہ پر بھی نیب کیس بنایا گیا ہے۔ اس وقت نیب کی حقیقت ہر پاکستانی جانتا ہے۔ نیب کے تمام مقدمات حزب اختلاف کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنماؤں پر کوئی کرپشن کیس نہیں بنا جبکہ موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ میں کرپٹ ترین ہے اور موجودہ دور میں ہر ادارے میں ہی کرپشن ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپنی ناکامی چھپانے کے لیے حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔ نیب کو صرف نواز شریف، شہباز شریف اور حزب اختلاف ہی نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی 3 سرجریز ہو چکی ہیں اور برطانیہ میں اسپتال میں داخل ہونے کی روایت نہیں ہے۔ جھوٹے کے کوئی پیر نہیں ہوتے اور ان میں کوئی ہمت نہیں یہ صرف جھوٹ بولنا جانتے ہیں۔

مزیدخبریں