لاہور : مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ حزب اختلاف 20 ستمبر کو اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی،نیب کو ساری ہدایات حکومت دیتی ہے اور نیب کے سب لوگ بلیک میل ہو رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نیب احتساب کا نہیں انتقام کا ادارہ ہے اور نوٹس دینا نیب کی مجبوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب احتساب کے ادارے کے طور پر نہیں چل رہا کیونکہ بلین ٹری انکوائری میں تو کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا جبکہ حزب اختلاف رہنمائوں کو انکوائری کے دوران ہی گرفتار کر لیا جاتا ہے،رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انکوائری جب اپوزیشن کے خلاف ہوتی ہے تو کوئی اصول مدنظر نہیں رکھا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ نیب کو ساری ہدایات حکومت دیتی ہے اور نیب کے سب لوگ بلیک میل ہو رہے ہیں تاہم عوام کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)سے اچھی خبر ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ نیب کے لوگ اپنی نوکری کے غلام ہیں اور نیب اس وقت اپنی ناک پر بیٹھی مکھی بھی نہیں ہلا سکتا،حزب اختلاف 20ستمبر کو اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ، میاں نواز شریف ہمارے قائد ہیں، پارٹی ان کی قیادت میں متحد ہے،اپوزیشن کی اے پی سی جو فیصلہ کرے گی نون لیگ ساتھ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا فیصلہ ہے نواز شریف اپنا علاج مکمل کروائیں اسکے بعد وطن واپس آئیں۔