لاہور: انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس انعام غنی نے کہا ہے کہ گجرپورہ موٹروے پر زیادتی کے کیس میں ایسا سراغ ملا ہے جو سیدھا ملزمان تک پہنچائے گا، ظالموں تک پہنچنا ہماری ترجیح ہے، متاثرہ خاتون کے بچے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، کوشش ہے متاثرین کو جتنی سپورٹ دے سکیں وہ دیں ۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا کہ موٹروے پر پیش آنے والے واقعے کے کیس میں اب تک بہت اچھا کام ہوا ہے، ہم اس جگہ تک پہنچ چکے ہیں جہاں سے ملزمان نکلے تھے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ 20 ٹیمیں اس پر کام کر رہی ہیں اور اس انویسٹی گیشن کو ڈی آئی جی خود دیکھ رہے ہیں، جلد از جلد ملزمان گرفتار ہوں گے۔انعام غنی کا کہنا تھا کہ خاتون نے ملزمان کی عمر اور کچھ شناخت بھی ظاہر کی ہے، اس وقت ایک بہت اچھا سراغ ملا ہے جو سیدھا ملزمان تک پہنچائے گا لیکن ابھی اسے میڈیا پر نہیں بتایا جا سکتا۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پورے علاقے کی ووٹر لسٹ اور نادرا کا ریکارڈ لے لیا ہے، ملزمان کی ایج بریکٹ کے لوگوں کو شناخت کیا ہے اور 70 ایسے لوگ ہیں جن کا پہلے سے کرمنل ریکارڈ ہے، ہم ان سب کو چیک کر رہے ہیں اور جیوفینسنگ بھی کرالی گئی ہے جس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر موٹروے یا اس کے پاس کوئی واقعہ ہوتا ہے ہم ذمہ دار ہیں، ہم خود ملزمان تک پہنچیں گے، اگر اس کیس میں ابھی غلطی ڈھونڈیں گے تو ملزمان بچ جائیں گے اس لیے ظلم کرنے والے ظالموں تک پہنچنا اس وقت ہماری ترجیح ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کے بچے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، کوشش ہے متاثرین کو جتنی سپورٹ دے سکیں وہ دیں لیکن سب سے اچھا ہوگا جب ملزمان کو پکڑیں گے تب خاتون اور ان کے بچوں کی ذہنی کیفیت بہتر ہوگی لہذا اس وقت ہمارا ہدف ملزمان کو پکڑنا ہے۔