اسلام آباد: وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کی جانب سے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دے دی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا ڈلیوری یونٹ سرکاری اداروں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کر رہا ہے اور وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے۔عوام کی شکایات کے ازالے پر کارکردگی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 18افسران کے ڈیش بورڈز پر 542 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افسران نے عوامی شکایات کے حل میں کوتاہی کا مظاہرہ کیا۔ سابق ڈی جی فیڈرل ایجوکیشن سے غیر تسلی بخش کارکردگی پروضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فیڈرل ایجوکیشن اور پرنسپل ایف جی کالج ہوم اکنامکس سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ افسران عوامی شکایات کے حل اور شہریوں کی رائے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
گزشتہ ماہ بھی وزیراعظم آفس کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر کو 556حل شدہ شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم دیا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے10 افسران کی کارکردگی رپورٹ دیکھ کر اظہار نارضگی کیا اور انہیں تنبیہ بھی کی تھی۔ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو پرفارمنس بہتر بنانے بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور بصورت دیگر کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔