نیویارک : امریکہ کی بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار، چھ بار کی یو ایس اوپن چیمپئن اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔
سرینا ولیمز نے کوارٹر فائنل میں بلغاریہ کی تسویتانا پیرونکووا کو شکست دیکر میگا ایونٹ کا ٹاپ فور مرحلہ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میچ میں میزبان کھلاڑی سرینا ولیمزکو بلغاریہ کی تسویتانا پیرونکووا کے ہاتھوں پہلے سیٹ میں 4-6 کی شکست ہوئی تاہم سرینا ولیمز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اگلے سیدھے سیٹس میں 6-3 اور 6-2 سے انہیں ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کوارٹر فائنل میچ 2 گھنٹے اور 12 منٹس تک جاری رہا۔ 38 سالہ سرینا ولیمز کا سیمی فائنل میں مقابلہ بیلا روس کی وکٹوریہ آزارینکا سے ہوگا ۔ واضح رہے کہ امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز اگر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت گئیں تو وہ آسٹریلین ٹینس سٹار مارگریٹ کورٹ کے 24 ویمنز سنگلز گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیں گی۔