اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے پی پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے کہا ہے کہ وہ سندھ حکومت کے ارکان اور ان کی فیملیز کے اثاثے ظاہر کریں، انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری پہل کرتے ہوئے عوام کو صوبائی حکومت کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں سے آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے ارکان کی املاک اور اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو پہلے ہی پیش کر دی ہیں ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کردی ہے اور نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا۔انہوں نے کہا قانون شکنی پر نواز شریف کی املاک ضبط کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس پی پی پی کے رہنماﺅں کے اثاثوں کی تفصیلات ہیںجومختصر نوٹس پر منظر عام پر لائی جاسکتی ہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے قانون پر تحفظات کا اظہار کر رہی ہیں جو منی لانڈرنگ کے خاتمہ کے لئے بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیمان شہباز کی املا ک بھی ضبط کی جاسکتی ہیں کیونکہ وہ منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری ہیں، پنجاب میں آئی جی پولیس کی تبدیلی کے متعلق انہوں نے کہا کہ اب محکمہءپولیس کی کارکردگی بہترہوگی ۔