واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ میں کمی واقع ہوئی ہے۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے مابین مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ملک چاہتے ہیں تو میں مدد کے لیے تیار ہوں اور وہ جانتے ہیں میری پیشکش اب بھی برقرار ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کے پاکستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر کے معاملے پر ایک تناؤ ہے۔ میرے خیال میں اس وقت ان دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے، دو ہفتے پہلے جو تھا اب ویسا نہیں ہے۔