جنوبی وزیرستان‘پاک فوج کا گائوں میں بجلی کا پہلا منصوبہ

07:14 PM, 10 Sep, 2018

پشاور: عسکریت پسندی سے بری طرح متاثر ہونے والے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردی کےخلاف آپریشن کے بعد اب زندگی معمول پر آنا شروع ہوگئی ۔جس کے بعد تاریخ میں پہلی مرتبہ دور دراز قبائلی گاوں کے رہائشی بھی زندگی کی بنیادی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

مزید تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی جانب سے عارضی طور پر بے گھر ہوئے افراد کو واپسی پر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اسی سلسلے میں افغانستان کی سرحد کے قریب واقع گاوں گیگا خیل میں مائیکرو ہائیڈل پاور پلانٹ کا افتتاح کیا گیا۔

پاور پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اس حوالے سے مقامی عمائد ین کا کہنا تھا کہ آج ہم بہت خوش ہیں کیوں کہ پہلی بار ہمیں بجلی کی سہولت ملنے والی ہے‘ہائیڈل پاور پلانٹ منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب میں مقامی افراد نے بھی شرکت کی۔

مزید  گفتگو کرتے ہوئے مقامی عمائدین نے بتایا کہ آپ اندازہ نہیں کرسکتے کہ بجلی کے بغیر زندگی کس قدر مشکل ہے اور ابھی تک ہمیں یہ سہولت میسر نہیں تھی لیکن اب قبائلی عوام کو بھی بنیادی سہولیات حاصل ہوں گی جس سے قبائلی عوام میں احساسِ محرومی کا خاتمہ ہوگا۔


 ذرائع کے مطابق چھوٹا پاور پلانٹ اور ایک پن چکی ایک ہزار 7 سو 50 فیٹ طویل پانی کی نہر پر نصب کی گئی جبکہ اس منصوبے سے توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت 15 کلو واٹ ہے ‘جس سے 100 گھروں کو بجلی فراہم کی جائےگی‘بجلی کی قیمت کے طور پر فی گھر 100 روپے وصول کیے جائیں گے اور یہ رقم پاور ہائیڈل پلانٹ کی دیکھ بھال پر خرچ کی جائےگی۔

سرکاری حکام کے مطابق اس طرح کے منصوبے دیگر دیہاتوں میں بھی شروع کیے جائیں گے‘ اس موقع پر موجود افراد نے قبائلی علاقے میں قیامِ امن کے لیے حکومتی کاوشوں کو سراہا۔

مزیدخبریں