میانمار،روہنگیا باغیوں نے ایک ماہ کی یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا

میانمار،روہنگیا باغیوں نے ایک ماہ کی یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا

ینگون :میانمار میں روہنگیا مسلمان باغیوں نے ریاست رخائن میں جاری بحران کو کم کرنے کیلئے ایک ماہ کی یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ارکان روہنگیا سیلویشن آرمی)آرسا(نامی تنظیم نے کہا ہے کہ اس جنگ بندی کا آغاز اتوار سے ہوگا اور انھوں نے میانمار کی فوج سے بھی کہا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں۔آرسا کی جانب سے 25 اگست کو ایک پولیس چوکی پر حملے کے جواب میں میانمار کی فوج وسیع پیمانے پر آپریشن کر رہی ہے۔

تب سے لے کر اب تک کچھ اندازوں کے مطابق تقریبا 290000 روہنگیا نے رخائن چھوڑ کر پروسی ملک بنگلہ دیش میں پناہ لی ہے۔اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ امدادی تنظیموں کو میانمار سے جان بچا کر بھاگنے والے روہنگیا کی مدد کیلئے فوری طور پر 77ملین ڈالر درکار ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ خوراک، پانی اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

میانمار کی آبادی کی اکثریت بدھ مت سے تعلق رکھتی ہے۔ میانمار میں ایک اندازے کے مطابق دس لاکھ روہنگیا مسلمان ہیں. ان مسلمانوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بنیادی طور پر غیر قانونی بنگلہ دیشی مہاجر ہیں. حکومت نے انھیں شہریت دینے سے انکار کر دیا ہے تاہم یہ یہ میانمار میں نسلوں سے رہ رہے ہیں۔

ریاست رخائن میں 2012 سے فرقہ وارانہ تشدد جاری ہے. اس تشدد میں بڑی تعداد میں لوگوں کی جانیں گئی ہیں اور ایک لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔بڑی تعداد میں روہنگیا مسلمان آج بھی خستہ کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔انھیں وسیع پیمانے پر امتیازی سلوک اور زیادتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

لاکھوں کی تعداد میں بغیر دستاویزات والے روہنگیا بنگلہ دیش میں رہ رہے ہیں جو دہائیوں پہلے میانمار چھوڑ کر وہاں آئے تھے۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے میانمار کی فوج کی طرف سے بنگلہ دیش کے ساتھ سرحد پر بارودی سرنگیں بچھائے جانے کی تصدیق کی ہے۔