سمندری طوفان ملٹن فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد مزید کمزور  ہوگیا، 30 لاکھ سے زیادہ گھر  بجلی سے محروم

11:04 PM, 10 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

فلوریڈا:سمندری طوفان ملٹن امریکہ کی ریاست فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد مزید کمزور ہوگیا۔ امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کی ایڈوائزری کے مطابق  سمندری طوفان ملٹن مزید کمزور ہو گیا ہے اور اب یہ کیٹیگری 1 کا سمندری طوفان ہے۔

رپورٹ کے مطابق    طوفان ملٹن  فلوریڈا سے کیٹیگری 3 کے طوفان کے طور پر ٹکرایا، جس سے 30 لاکھ سے زیادہ گھر  بجلی سے محروم ہو گئے اور کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے۔

 فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس سمیت مقامی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال اتنی بری نہیں ہے جتنی سوچی جارہی تھی  اور خدشات تھے لیکن اس کے باوجود رہائشیوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ محفوظ مقام پر رہیں۔

 سمندری طوفان نے تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ شہر کو گھیر لیاہے اور لاکھوں ساحلی باشندوں کو اندرون ملک نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے۔ طوفان ملٹن کو اس صدی کا سب سے طاقتور طوفان کہا جا رہا ہے اور یہ رواں سال امریکا میں آنے والا  پانچواں سمندری طوفان ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلوریڈا کی 15 کاؤنٹیز میں انخلاء کے لازمی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور تقریباً 19 سو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ ٹمپا بے اور سینٹ پیٹرز برگ کے 60 فیصد پیٹرول پمپ پر پیٹرول بھی ختم ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں