بیروت:لبنان میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل نے شرط بتادی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسرائیل نے شرط رکھی ہے کہ مستقبل میں لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے میں غزہ کی پٹی میں حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ شامل ہونا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق بیروت کے جنوبی علاقوں میں جنگ کے خاتمے کی کوئی فوری امید نظر نہیں آرہی۔یہ پیش رفت امریکی حکام کے اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے کہ واشنگٹن فی الحال اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کو بحال کرنے کی کوشش نہیں کر رہا ہے، تاہم اسے خدشہ ہے کہ اسرائیل کا محدود آپریشن کا وعدہ ایک وسیع اور طویل مدتی تنازع میں بدل سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اسرائیل پر زور دے رہا ہے کہ وہ ایران پر جوابی حملے میں ضرورت سے زیادہ آگے نہ بڑھے۔ روسی خبر ایجنسی ٹاس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے نئے دور کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی کل تعداد 731 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس ماہ کے آغاز میں اسرائیل نے لبنان کی سرحد میں دراندازی شروع کی لیکن حزب اللہ نے اس کو ناکام بنانے کی تصدیق کی پھر اس کے بعد زمینی آپریشن کا آغاز ہوا۔اسرائیل نے پچھلے ماہ حملے کرکے حزب اللہ کو بڑا نقصان پہنچایا ۔تاہم اس جنگ کی صورتحال کو روکنے کے لیے مختلف ممالک کوشاں ہیں۔