سری لنکن بلے بازوں نے مار مار کر پاکستانی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا، فتح کیلئے 345 کا ہدف 

05:35 PM, 10 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

حیدر آباد: ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا نے کوشل مینڈس اور سدیرا سماراوکراما کی سنچریوں کی بدولت پاکستان کو فتح کے لیے 345 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میگا ایونٹ کا 8واں میچ حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں کوشل پریرا کھاتا کھولے بغیر ہی حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

محض پانچ رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد پاتھم نیسانکا کا ساتھ دینے کوشل مینڈس آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔

مینڈس اور نیسانکا نے عمدہ کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کے لیے 102 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کر لیں۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شاداب کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں 51 رنز بنانے والے نسانکا کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد کوشل مینڈس کا ساتھ دینے آئے سدیرا سمارا وکراما آئے اور دونوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے رنز بننے کی رفتار میں کمی نہ آنے دی اور تمام پاکستانی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا۔

دونوں کھلاڑیوں بالخصوص مینڈس نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہےکہ انہوں نے 69 گیندوں پر 111 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران مینڈس نے حسن علی کو چھکا لگا کر اپنی سنچری بھی مکمل کر لی۔

حسن کے اگلے اوور میں مینڈس نے انہیں مزید دو چھکے لگائے لیکن ایک اور ایسی کوشش میں باؤنڈری پر کھڑے امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 77 گیندوں پر 6 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 122 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور حسن علی نے رضوان کے عمدہ کیچ کی مدد سے چارتھ اسالانکا کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

دوسرے اینڈ سے سمارا وکراما نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور دھننجیا ڈی سلوا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑنے کے ساتھ ساتھ اپنی ففٹی بھی مکمل کر لی۔

پاکستان کو پانچویں کامیابی اس وقت ملی جب دھننجیا ڈی سلوا 25 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی وکٹ بن گئے۔

سمارا وکراما نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی لیکن دوسرے اینڈ سے شاہین آفریدی نے داسن چناکا کو چلتا کردیا۔

سمارا وکراما کی عمدہ اننگز کا خاتمہ اس وقت ہوا جب وہ 108 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

اختتامی اوورز میں سری لنکن بلے باز زیادہ تیزی سے بیٹنگ نہ کر سکے اور چھ کی اوسط سے رنز بنائے۔

حارث رؤف نے آخری اوور میں ایک رن دے کر دو وکٹیں لیں اور سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو بھی باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کرتے، پچ اچھی لگ رہی ہے، ابتدائی 10 اوورز بہت اہم ہیں، جلد وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچوں میں ہماری اوپننگ پارٹنر شپ اچھی نہیں رہی، آج ٹیم ایک تبدیلی کی گئی ہے، فخر زمان کی جگہ عبد اللہ شفیق کو شامل کیا گیا ہے، امید ہے آج کے میچ میں اوپنرز اچھا کھیلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچ جیت کر اعتماد میں اضافہ ہوا، ہمارا سری لنکا کے خلاف ریکارڈ اچھا ہے، اس میچ میں بھی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کریں گے۔

مزیدخبریں