اسلام آباد: ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وفاقی دارلحکومت میں 27 نئے جبکہ پنجاب میں 137 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ او )کے مطابق اسلام اباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 453 ہو گئی۔
ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ روان سیزن ڈینگی سے متاثر ہونے والے مریضوں میں 67فیصد مرد جبکہ 33 فیصد خواتین ہیں۔
اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں گزشتہ جوبیس گھنٹوں کے دوران 25 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد کےشہری علاقوں میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 487ہو گئی جبکہ دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 966 ہو گئی۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے 5ہزار 717 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی جانب سے دیئے گئے اعدادو شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 72 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 2 ہزار 240 تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے۔
سیکرٹری ہیلتھ علی محمد جان نے بتایا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 41 مریض زیر علاج ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے تقریباً 100مریض زیر علاج ہیں۔
دوسری طرف ڈینگی ٹیسٹ کروانے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ کے حوالے سے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، مریضوں کوصرف ایک ٹیسٹ کروانے کے لیے شدید خواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔