ملک کو نقصان سے بچانے کیلئے خسارے کا شکار اداروں کی جلد نجکاری ضروری ہے: نگران وزیراعظم

09:36 AM, 10 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ  خسارے کا شکار قومی ملکیتی اداروں کی فوری نجکاری ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے بہت ضروری ہے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے  گزشتہ روز نگران وفاقی وزیرِ نجکاری فواد حسن فواد سے ملاقات کی،  وزیرِ نجکاری نے وزیرِ اعظم کو خسارے کا شکار قومی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے عمل پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیر نجکاری کو خسارے کا شکاراداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے خسارے کا شکار قومی ملکیتی اداروں کی فوری نجکاری بہت ضروری ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اس امر میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا کردار لائق تحسین ہے۔

دریں اثناءنگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے نگران وفاقی وزیر توانائی محمّد علی نےملاقات کے دوران توانائی اور پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر بات چیت کی۔ 

مزیدخبریں