ورلڈ کپ، آج پاکستان اور سری لنکا آمنے سامنے ہوں گے

08:40 AM, 10 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

 حیدر آباد: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان  میچ  راجیو گاندھی اسٹیڈیم حیدرآباد میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے  کھیلا جائے گا ۔

پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ 2023 میں اپنے دوسرے میچ سے قبل پریکٹس سیشن بھی کیے۔

 
ذرائع کے مطابق سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گی ، فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق امام الحق کے ساتھ اننگز شروع کریں گے ۔

 
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ، محمد رضوان ، سعود شکیل اور افتخار احمد بیٹنگ لائن اپ کا حصہ ہوں گے جبکہ شاداب خان اور محمد نواز بطور آل راؤنڈر اور حسن علی ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف فاسٹ بولنگ کے لیے میدان میں اتریں گے۔ 

واضح رہے کہ پاکستان کا ورلڈ کپ میں سری لنکا کیخلاف جیت کا 100 فیصد ریکارڈ ہے۔ سری لنکا نے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کو کبھی نہیں ہرایا ہے۔ 

پاکستان بمقابلہ سری لنکا سے قبل آج صبح 10بجے انگلینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں دھرم شالہ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 مہم کا بہترین آغاز شاندار پرفارمنس کے ساتھ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے کر کیا۔

مزیدخبریں