تھرپارکر: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تھر منصوبے کے معاملے میں وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ، چاہتے ہیں پورے پاکستان کی معیشت کو اس منصوبے سے فائدہ پہنچے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا تھر میں آنے پر شکر گزار ہوں ، وزیراعظم آج تھرکول منصوبے کا افتتاح کرنے آئے ہیں ۔ تھر کے اس ماڈل کو استعمال کرکے پاکستان کو بدل سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جتنے بھی کوئلے سے چلنے والے منصوبے ہیں انہیں تھرکول سے چلائیں گے ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ تھرکول منصوبہ شروع کرنے سے تھر کے لوگوں کو روزگار ملا ، تھر کے لوگ بہت زیادہ محنتی اور بہت زیادہ لائق ہیں ۔ تھرپارکر کی خواتین ٹرک ڈرائیور سے لے کر انجینئرنگ کا کام کر رہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ تھرکول کی شکل میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا بہت بڑا منصوبہ شروع کیا گیا ہے ۔ تھر کے ریگستان سے ہم فیصل آباد کی انڈسٹری کو چلا رہے ہیں ۔ ہمیں وفاقی حکومت کی مدد کی بہت زیادہ ضرورت ہے ، چاہتے ہیں شہبازاسپیڈ سے گرین انقلاب پاکستان میں لائیں ، اگر دن رات محنت کریں تو ایک سال میں گرین انرجی میں انقلاب آسکتا ہے ۔ وفاقی اور صوبائی بیورو کریسی کا جھگڑا ہونے سے ترقیاتی منصوبے رک جاتے ہیں ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ ، بلوچستان ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیلاب کی شکل میں بہت بڑی آفت آئی ۔ سندھ کے بہت سے علاقوں میں آج بھی 50 فیصد پانی موجود ہے ۔ سندھ حکومت متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے دن رات محنت کر رہی ہے ۔ سندھ حکومت انفراسٹرکچر کی بحالی کے ساتھ متاثرین کی مدد بھی کر رہی ہے ۔ چاہتے ہیں ایک سال میں سیلاب متاثرین کو ان کے گھر بنا کر دیں ۔