اسلام آباد: اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم عدالتی حکم کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری لے کر تھانہ سیکرٹریٹ پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم رانا ثناءاللہ کو گرفتار کرنے کیلئے عدالت کا وارنٹ گرفتاری لے کر تھانہ سیکرٹریٹ پہنچ گئی ہے، 3 گاڑیوں پر مشتمل اینٹی کرپشن ٹیم تھانہ سیکرٹریٹ پہنچی ہے۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن کورٹ نے رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وزیر داخلہ کی گرفتاری کیلئے کوشش جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔
ماڈل ٹرائل کورٹ کے جج غلام اکبر نے دو روز قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جس کی تعمیل کیلئے اینٹی کرپشن کی ٹیم پہلے بھی تھانہ کوہسار پہنچی تھی۔
ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے موقف اختیار کیا تھا کہ رانا ثنا اللہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے جس پر اینٹی کرپشن کی ٹیم واپس چلی گئی تھی۔