لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں مسلسل کمی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس موذی وباءسے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 9 ہزار 117 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 55 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح صرف 0 اعشاریہ 60 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ کورونا وائرس کے زیر علاج مریضوں میں سے 22 کی حالت تشویشناک ہے۔
این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 73 ہزار 81 ہو چکی ہے جبکہ اب تک 30 ہزار 620 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں اور ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 53 ویں نمبر پر موجود ہے۔