ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

09:12 PM, 10 Oct, 2021

اسلام آباد: ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری اور بارش ہو گئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ 

اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم سرد ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ٹیکسلا میں ژالہ باری کے باعث گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو گئی جس کے بعد اسپل ویز کو 2 گھنٹے کے لیے کھول دیا گیا۔ اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق اسپل ویز کو آدھا فٹ پانی کم کرنے کے لیے کھولا گیا۔

پنجاب کے مختلف علاقوں چکوال، فتح جنگ سمیت دیگر حصوں میں بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش بادل برسے جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ سوات اور بابو سرٹاپ میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو بھی پنجاب، کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں 44 ملی میٹر، راولپنڈی اور اٹک میں 13 ملی میٹر، مالم جبہ میں 21 ملی میٹر، کالام میں 15 ملی میٹر، دیر میں 14 ملی میٹر، سیدوشریف میں 11 ملی میٹر، چراٹ، دروش میں 4 ملی میٹر، بالاکوٹ اور کشمیر میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مزیدخبریں