اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ربیع الاول میں عشرہ رحمۃ اللعالمین کی تقریبات کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور پوری دنیا کو اسلام اور نبی اکرم ﷺ کی سیرت سے آگاہ کرنے کے لیے رحمۃ اللعالمین اتھارٹی بنانے کا اعلان کردیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عشرہ رحمت اللعالمین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کہا کہ آج نبی کریم ﷺ کا یوم ولادت منانے کے لیے پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں اور میں اپنی قوم کے نوجوانوں سے بات کرنا چاہتا ہوں اور حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں ان سے مختلف انداز میں بات کروں گا۔
وزیراعظم عمران خان نے اتھارٹی کی نگرانی خود کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اتھارٹی کے چیئرمین کی تلاش شروع کردی ہے، دنیا کے بہترین مذہبی اسکالرز کو چیئرمین بنایا جائے گا، جو اسلام سے متعلق دنیا کو آگاہ کرے گا۔ہم اتھارٹی کے ذریعے سیرت نبی ﷺ بچوں اوربڑوں کو پڑھانے کا طریقہ کار طے کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کے ذریعے اسکولوں کے نصاب کی نگرانی کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے 12 ربیع الاول دھوم دھام سے منانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت خوشی کا دن ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی دنیاکوبتائےگی اسلام کیا ہے، بچوں کواپنےکلچرسےمتعرف کرانےکیلئےکارٹون سیریز متعارف کرائی جائیں گی، اتھارٹی کا ایک ممبر میڈیا پر نشر ہونے والے مواد پر نظر رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی زندگی سے شروع کروں گا کیونکہ جہاں میں آج ہوں ہمیشہ سے ایسا نہیں تھا، بڑا سوچا کہ اس پر بات کروں یا نہ کروں، پھر مجھے بشریٰ بی بی نے کہا کہ ضرور بات کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میری والدہ نے ایک دعا سکھائی تھی کہ سونے سے پہلے دعا کرو کہ اللہ مجھے سیدھے راستے پر لگا تو ہم بہن بھائی بھی بچپن میں یہی دعا کرتے تھے لیکن میری تعلیم ایچیسن میں ہوئی جہاں ہمارے رول ماڈل کوئی اور تھے دونوں میں زمین و آسمان کا فرق تھا۔
انہوں نے کہا کہ فلمی اداکار، پوپ اسٹار، کھلاڑی اور گلیمرس والے لوگ تھے اور ان کی زندگیاں بالکل مختلف تھیں جبکہ ہمیں سیکھا گیا تھا کہ دعا مانگیں کہ سیدھے راستے پر چلا۔ سمجھنے کے لیے بہت ضروری ہے کیونکہ آج ہمارے نوجوانوں کے ساتھ یہی مسئلہ درپیش ہے۔