ملتان : وزیرخارجہ مخدوم شا ہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج کے استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا،ہمارے اقدامات کی بدولت کشمیر ایک خطہ کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے
این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کرنے والے، مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کو درپیش مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور حال ہی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم اور جنگی جرائم کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی” ڈوزیر ” دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔
انہو ں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم سمجھتے ہیں افغانستان میں امن ہوگا تو خطہ میں امن ہوگا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے ہماری کاوشیں دنیا دیکھ رہی ہے۔ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کورونا وبا نے دنیا کی طاقتور معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے،ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے، معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے، اقتصادی تعاون کا فروغ اور علاقائی روابط میں اضافہ،ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں دیرپا اور مستقل قیام امن کیلئے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا پاکستانی معیشت حوصلہ افزاء معاشی اعشاریوں کے ساتھ درست راستے پر گامزن ہے۔ پاکستانی قوم دہشتگردی اور کورونا وائرس جیسے بڑے چیلنجز پر قابو پانے کے بعد مضبوط قوم کے طور پر ابھری ہے۔ پاکستان دنیا میں ایک خوشحال ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔درآمدات اور زرعی شعبہ میں نمایاں ترقی ہو رہی ہے۔ حکومت کی موثر پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی پائیدار ترقی عوامی مفاد میں جاری رہے گی۔
پاکستان اپنی ترقی پسند پالیسیوں کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ میری خصوصی ہدایات پر، دنیا بھر میں ہمارے سفارت خانے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے کوشاں ہیں۔
قبل ازیں انہو ں نے ملتان میں مصروف دن گزارا انہو ں نے رضا ہال ملتان میں وزیراعظم پاکستان کے سیرت کانفرنس سے خطاب کو براہ راست سنا۔ اس موقع پر وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ معین ریاض قریشی‘ ملک احمد حسین ڈیہڑ‘وسیم خان بادوزئی‘ندیم قریشی‘ ملک سلیم لابر‘ظہیر الدین علیزئی‘کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد‘ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان‘ خالد جاوید وڑائچ‘قربان فاطمہ‘ ملک عدنان ڈوگر‘ رانا عبدالجبار‘ اکرم کنہوں‘ آصفہ سلیم‘ شازیہ وحید ارائیں‘ ڈاکٹر روبینہ اختر‘ سعدیہ بھٹہ سمیت تحریک انصاف کے کارکن اور سول سوسائٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔