سیاسی رہنماؤں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات کو قومی صدمہ قرار دیدیا

02:24 PM, 10 Oct, 2021

لاہور: ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف سمیت سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس ، پاکستان کے جوہری پروگرام کے معمار کی وفات کو قومی صدمہ قرار دیدیا ۔

اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر قومی سوگ کا اعلان کرے ، ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستان کے دفاع اور سلامتی کی ایک قابلِ فخر تاریخ اور جدوجہد کا نام تھا ۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ان کی خدمات بہت بڑی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے محسن پاکستان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم آج ایک محب وطن پاکستانی سے محروم ہو گئی ہے ۔ آج ہر پاکستانی سوگوار ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محسن پاکستان کا ملک کو ایٹمی پروگرام آگے بڑھانے میں نمایاں کردار رہا ہے ۔ پاکستانی قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ہمیشہ احسان مند رہے گی ۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیر خان قوم کا اثاثہ تھے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر افسوس ہے ، وہ قوم کا سرمایہ تھے ۔

صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ 1982 سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ذاتی حیثیت سے جانتا ہوں ، عبدالقدیر خان نے ملک کو ایٹمی طاقت سے مالامال کرنے میں گراں قدر خدمات انجام دیں ۔

قائم مقام صدر پاکستان صادق سنجرانی نے محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔

مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان عظیم سائنس دان اور سچے پاکستانی تھے ۔ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار ، کہا پاکستان سچے محب وطن اور محسن سے محروم ہو گیا ۔ اللہ تعالی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے درجات بلند فرمائے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اپنے کارناموں کی وجہ سے ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر عبدالقدیر کو نہ صرف علم بلکہ اچھے اخلاق سے بھی نوازا تھا ۔

کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار ، کہا ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستان کا سرمایہ اور انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے ۔ پاکستان کیلئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات ان گنت ہیں ۔ اللہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو غریق رحمت کرے، آمین ۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے علمبردار تھے ۔ وزیر خزانہ شوکت ترین کا معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس ، کہا ڈاکٹر قدیر خان قوم کے ہیرو تھے ۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا ڈاکٹرعبدالقدیرخان کے انتقال پر اظہار افسوس ، کہا عبدالقدیر خان عظیم سائنسدان اور محب وطن پاکستانی تھے ، اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے ۔

مزیدخبریں