اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر قومی ہیرو ہیں ، پوری قوم ان سے محبت کرتی ہے ۔ انہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایااور اس وجہ سے پاکستان اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن سے محفوظ ہوا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی وفات پر گہر ےدکھ کا اظہا ر کیا اور کہا کہ میں ان کے اہل خانہ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اللہ ان کے درجات بلند فرمائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق ہوگی ۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی عمر 85 برس تھی وہ یکم اپریل 1936 کو بھوپال میں پیدا ہوئے ۔ڈاکٹر عبدالقدیر نے ہالینڈ سے ماسٹرز آف سائنس جبکہ بیلجیئم سے ڈاکٹریٹ آف انجینئرنگ کی اسناد حاصل کرنے کے بعد 31 مئی 1976 میں انجینئرنگ ریسرچ لیبارٹریز میں شمولیت اختیار کی ۔
انہوں نے پاکستان کے دفاع کوناقابل شکست بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ ڈاکٹرعبدالقدیر کی کاوشوں سے آج پاکستان دنیا بھر میں ایٹمی طاقت کے نام پر جانا جاتا ہے ۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ایک سو پچاس سے زائد سائنسی تحقیقاتی مضامین بھی لکھے ہیں ۔ 1993 میں کراچی یونیورسٹی نے ڈاکٹر خان کو ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی سند دی تھی ۔
14 اگست 1996ء میں صدر پاکستان فاروق لغاری نے ان کو پاکستان کا سب سے بڑا سِول اعزاز نشانِ امتیاز دیا جبکہ 1989ء میں ہلال امتیاز کا تمغہ بھی دیا گیا تھا ۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قیادت میں پاکستان نے 28 مئی 1998 کو پہلی مرتبہ چاغی میں ایٹم بم کا تجربہ کیا جس کے بعد ان کو دنیا بھر میں مسلم ا مہ کاہیروسمجھا جانے لگا