ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی

10:54 AM, 10 Oct, 2021

اسلام آباد: محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی دوبیٹیاں ہیں جن کی مشاورت سے ہی نمازجنازہ کے وقت اور جگہ  کا تعین کیا گیا ہے ۔

اہلخانہ کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ 3 بج کر 30 منٹ پر ادا کی جائے گی  جبکہ تدفین اسلام آباد کے مرکزی قبرستان میں کی جائے گی

ضح رہے کہ محسن پاکستان ، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اسلام آباد کے ہسپتال میں انتقال کرگئے ہیں ۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے ، طبیعت بگڑنے پر صبح 6 بجے انہیں کے آر ایل ہسپتال میں لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور صبح 7 بجے انتقال کر گئے ۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو چند ہفتے قبل کورونا ہوا تھا ، انکا علاج پہلے الشفا پھر ملٹری ہسپتال میں ہوا طبیعت بہتر ہونے پر انہیں گھر منتقل کر دیا گیا تھا ۔ آج صبح دوبارہ پھیپھڑوں کی تکلیف کے باعث انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں انکا انتقال ہوا ۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان یکم اپریل 1936 کو بھوپال میں پیدا ہوئے ، 1947 میں اہلخانہ کے ہمراہ پاکستان ہجرت کی ۔ 1967 میں نیدر لینڈ کی ایک یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ، بیلجیم کی ایک یونیورسٹی سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی ۔

1976 میں پاکستان لوٹنے کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے انجینئرنگ ریسرچ لیبارٹریز میں شمولیت اختیار کی ، 1981 میں لیبارٹری کا نام تبدیل کرکے ’ ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹریز‘ رکھ دیا گیا ۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ، انہوں نے ایک سو پچاس سے زائد سائنسی تحقیقاتی مضامین بھی لکھے ہیں ۔ 1993 میں کراچی یونیورسٹی نے انہیں ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی سند دی تھی ۔

1996 میں ان کو پاکستان کا سب سے بڑا سِول اعزاز نشانِ امتیاز دیا گیا جبکہ 1989ء میں ہلال امتیاز کا تمغہ عطا کیا گیا ۔

مزیدخبریں