مظفر آباد: آزاد کشمیر میں میرپور ڈویژن کی دو نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے میدان سج گیا ، پولنگ سخت سکیورٹی میں شام 5 بجے تک جاری رہے گی ۔
حلقہ ایل اے 3 میرپور سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور ضلع کوٹلی کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی سے چوہدری یاسین کی جانب سے چھوڑی گئی نشستوں پر پولنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔ تحریک انصاف کی جانب سے صدر آزاد کشمیر کے بیٹے یاسر سلطان جبکہ چوہدری سعید ایک بار پھر قسمت آزمائی کریں گے ۔
ضلع کوٹلی کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں پیپلزپارٹی کے چوہدری یاسین کی جانب سے چھوڑی جانیوالی نشست پر انکے بیٹے عامر یاسین ، پی ٹی آئی کے شوکت فرید اور ن لیگ کے راجہ ریاست خان کے درمیان کڑا مقابلہ ہوگا ۔
ایل اے 3 میرپور میں 147 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 60 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں ۔ حلقہ ایل اے 12 کوٹلی میں ایک لاکھ 6 ہزار 428 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے لیے آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے پولیس کے 2 ہزار 286 اور رینجز کے 456 اہلکار تعینات ہیں ۔