نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض کیلئے بینکوں کی بروقت اعانت کی جائیگی، وزیراعظم

09:30 PM, 10 Oct, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کوآسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے بینکوں کو بروقت اعانت یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار کامیاب جوان کاروبار سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف بینکوں کے صدور اور سربراہان کے ساتھ ملاقات میں کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ سکیم میں 21 بینک شامل ہیں اور بینک اس سال 15 ارب روپے کا قرض فراہم کریںگے۔ اجلاس میں قرضوں کی بلاتعطل تقسیم یقینی بنانے اور سکیم کی کامیابی کیلئے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب جوان کاروبار سکیم کے بارے میں پیش رفت رپورٹ باقاعدگی سے وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔ 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ بینکوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

انہوں نے کامیاب جوان سکیم میں تمام بینکوں کی مکمل شرکت اور دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کے بعد نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے میں بینکوں کا تعاون قابل تحسین ہے۔ 

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے معاون خصوصی محمد عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت نے ملک کے نوجوانوں کو کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے تین سال کیلئے ایک سو ارب روپے مختص کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 4 لاکھ 70 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور تصدیق کے بعد قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیاء کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم ڈلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹروے کو مراسلہ جاری کر دیا۔ وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ موٹروے ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں۔ ٹیمیں موٹروے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں، ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سے ضرورت پڑنے پر مدد کسی بھی وقت لے سکتی ہیں۔

مزیدخبریں