کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے اور وہ دن دور نہیں جب نالائق اور نااہل وزیراعظم کو گھر بھیج دیں گے۔ کراچی بار کونسل میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا جب کہ خورشید شاہ آج تک اسیر ہیں جبکہ الزامات سے گھبرانے والے نہیں اور نہ ہی گرفتاری کی دھمکیاں نئی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومتی انتقام کے خلاف آج بھی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں،پاکستانی عوام کے لیے تحریک چلانے نکلے ہیں، وکلاء کا تعاون درکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں ایسا نااہل وزیر اعظم نہیں گزرا اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیج کر رہیں گے جبکہ 18 اکتوبر کو اپوزیشن کے جلسے سے تحریک کا آغاز ہو رہا ہے اور امید ہے کہ وکلاء برادری ہمارا ساتھ دے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیجیں گے اور قانون کی بالادستی کے لیے وکلاء کی ملک گیر مہم کا آغاز بھی کراچی سے ہوا تھا۔ امید کرتے ہیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں بھی وکلاء ہمارے ساتھ ہوں گے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے حکومت کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام پر تحریک چلائی جارہی ہے۔جس میں ملک کی اپوزیشن کی بڑی جماعتیں شامل ہیں۔
گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے دیگر اپوزیشن رہنماﺅں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 16اکتوبر کو گوجرانوالہ اور 18 اکتوبر کو کراچی میں مرکزی جلسہ کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم کوئٹہ میں 25 اکتوبر اور 22 نومبر کو پشاور میں جلسہ کرے گی۔ لیگی رہنما نے کہا تھا کہ 30 نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ ملتان میں ہو گا اور ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ 13 دسمبر کو لاہور میں ہو گا۔