خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع یقینی بنائیں گے، جنرل زبیر محمود

12:06 PM, 10 Oct, 2019

رسالپور: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع یقینی بنائیں گے جبکہ بھارت میں نسلی اور مذہبی امتیاز کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری طاقت ہے اور پاکستان تخفیف اسلحہ کی عالمی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی سے امن حاصل ہوا۔

رسالپور پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود تھے۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پریڈ دستوں کا معائنہ کیا۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور مہمان خصوصی کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر آئے۔ کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔ اس موقع پر فوجی بینڈ نے دلوں کو گرما دینے والی دھنیں بکھیریں۔ مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے سکواڈرن نمبر 2 کو قائداعظم بینر عطا کیا۔

142 ویں جی ڈی پی، 88 ویں ایروناٹیکل انجینئرنگ کورس اور 23 ویں اے اینڈ ایس ڈی، 98 ویں اے ڈی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پاکستان سمیت دوست ممالک کے کیڈٹس پاس آؤٹ ہونیوالوں میں شامل ہیں۔ مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پاس آؤٹ ہونیوالے کیڈٹس کو بیجز لگائے۔

مزیدخبریں