نیروبی : کینیا کے مغربی علاقے میں بس کے ایک خوفناک حادثے میں 50 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا کی کریچو کاؤنٹی میں بس ڈھلوان کی طرف جاتے ہوئے بے قابو ہو کر سڑک سے اتر گئی اور کھائی میں جا گری۔پولیس کے مطابق نیروبی سے کاکا میگا جانے والی مسافر بس میں حادثے کے وقت 52 افراد سوار تھے۔حکام کے مطابق حادثے میں 50 افراد ہلاک اور دو شدید زخمی ہوئے، زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
کینیا میں روڈ حادثات میں بڑے پیمانے پر اموات واقع ہوتی ہیں۔دسمبر 2017 میں بھی کینیا میں بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 2016 میں ایک فیول ٹینکر بے قابو ہو کر متعدد گاڑیوں پر چڑھ گیا تھا جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔