ماضی کی حکومت کی نااہلی سے قومی ادارے کنگال ہوئے، ورثے میں تباہ حال معیشت ملی:عثمان بزدار

05:36 PM, 10 Oct, 2018

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی۔ ماضی کی حکومت نے اپنی نااہلی کے باعث قومی اداروں کو   کنگال  کیا  اور سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا  اور  ماضی میں فیصلے کرتے ہوئے عوامی مفادات کو   فراموش   کیا  گیا۔

مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان معیشت کو درست کرنے کیلئے مشکل فیصلے کر رہے ہیں اور یہ فیصلے پاکستان کے بہتر مستقبل کی بنیاد بنیں گے کیونکہ وزیراعظم عمران خان کا وژن پاکستان کے پر امن ، روشن اور خوشحال مستقبل کا ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر لمحہ عوام کو بہتر مستقبل دینے کیلئے وقف ہے اور عوام جلد نئے پاکستان کے خدو خال میں نمایاں طور پر مثبت تبدیلی کو محسوس کریں گے اور پرانے پاکستان کو بدل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مفادات کیلئے نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے فیصلے کر رہے ہیں اوربظاہر مشکل لگنے والے فیصلوں کے اثرات دیرپااورمثبت ہوں گے کیونکہ پاکستان میں تحریک انصاف سے زیادہ عوام دوست حکومت آ ہی نہیں سکتی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اراکین اسمبلی کے لئے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اوران کی عزت میری عزت ہے ۔پنجاب میں فیصلے اراکین اسمبلی کی مشاورت سے ہور ہے ہیں اورارکان اسمبلی سے مشاورت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی ظہور حسین قریشی، محمد افضل خان ڈھانڈلہ، احمد حسین ڈیہڑ، ملک محمد عامر ڈوگر، میاں محمد شفیق، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، محمد احمر سلطان، غلام بی بی بھروانہ، خرم شہزاد، رضا نصراللہ، سردار طالب نکئی، عمر اسلم خان، امجد علی خان، راجہ ریاض، فیض اللہ، شنیلا روتھ، صوبائی وزیر محمد آصف نکئی،معاون خصوصی عمر فاروق، اراکین صوبائی اسمبلی سید عباس علی شاہ ،غضنفر عباس، لطیف نذر، شکیل شاہد اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان شامل تھیں۔

مزیدخبریں