اسلام آباد: پولیس نے فیصل رضا عابدی کو سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد گرفتار کر لیا۔ سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے سابق رہنما عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ ان کے وکیل عمرے پر گئے ہیں لہٰذا ان کی واپسی یا دوسرا وکیل کرنے تک کیس ملتوی کیا جائے۔
عدالت نے فیصل رضا عابدی کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کر دی اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا۔ فیصل رضا عابدی نے اس کیس میں راہداری ضمانت کرا رکھی ہے۔
دوسری جانب فیصل رضا عابدی جب سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد باہر آئے تو واپس جاتے ہوئے شاہراہ دستور پر اسلام آباد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق فیصل رضا عابدی کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں ترجمان سپریم کورٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے جس میں انہیں گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ فیصل رضا عابدی کو دفعہ 780 اے کے تحت حراست میں لیا گیا۔