کراچی: کراچی میں جعلی بینک اکاؤنٹ کا ایک اور کیس اُس وقت سامنے آیا جب کورنگی میں سرکاری ملازمت کرنے والی ایک خاتون کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کورنگی کی رہائشی محکمہ صحت کی ملازمہ ثروت زہرہ کو اپنے بینک اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کا علم اُس وقت ہوا جب فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انہیں ٹیکس نوٹس بھیجا۔
متاثرہ خاتون کے بیٹے دانیال حیدر نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کے نام پر فیڈرل بی ایریا میں واقع نجی بینک میں اکاؤنٹ کھلوایا گیا جس میں ٹرانزیکشن کیمیکل کمپنی کے نام سے ہوئی ہے۔
مذکورہ جعلی بینک اکاؤنٹ کی تحقیقات ایف بی آر نے کی ہیں اور اس حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے بھی خاتون کو طلب کیا ہے۔