کابل: افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کو افغانستان میں جنگ میں شدت، بدامنی اور عدم استحکام کا سبب قرار دیا ہے۔
سابق افغان صدر حامد کرزئی نے روسی ٹی وی چینل ٹی آر ٹی کو انٹرویو میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے بہانے افغانستان میں امریکی فوج کو16 سال سے زائدکا عرصہ گذر چکا ہے لیکن اس کے باوجود نہ صرف یہ کہ دہشتگردی ختم نہیں ہوئی بلکہ اس میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
حامد کرزئی نے کہا کہ امریکہ، داعش سمیت دیگر دہشتگرد گروہوں کو اسلحے اور جنگی ساز و سامان بھیج کر علاقے میں بدامنی پھیلا رہا ہے اور افغانستان میں جنگ جاری رکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے پڑوسی اور علاقائی ممالک سے اپیل کی کہ وہ جنگ ختم کرنے میں اشرف غنی حکومت کی مدد کریں۔
اس سے قبل افغانستان کے سابق صدر نے افغانستان کے سلسلے میں امریکاکی نئی اسٹریٹجی کو ملک کے خلاف خطرناک سازش قرار دیا تھا۔