قمر زمان چودھری آج عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے

قمر زمان چودھری آج عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے

اسلام آباد: چیئرمین نیب قمر زمان چودھری آج اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ قمر زمان چودھری اپنے عہدے کی مدت مکمل کرنے والے پہلے چیئرمین نیب ہیں۔ نئے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کل چارج سنبھالیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس(ر) جاوید اقبال نیب ہیڈ کوآرٹرز کی نئی عمارت میں عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق کے بعد اتوار کو جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تقرری کانوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال فروری 2000 میں بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے جس کے دو ماہ کے بعد اُنھیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کر دیا گیا۔

پرویز مشرف دور میں چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر ہونے کے بعد اُنہیں قائم مقام چیف جسٹس مقرر کیا گیا۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اس سات رکنی بینچ کا حصہ تھے جس نے مشرف کی ایمرجنسی کے خلاف فیصلہ دیا۔ 2011 میں ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے معاملے پر بنائے جانے والے عدالتی کمیشن کی سربراہی بھی کی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں