لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی، اور اس جیت کے ساتھ محمد رضوان آسٹریلیا میں سیریز جیتنے والے دوسرے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے 2002 میں وقار یونس کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا میں آخری سیریز جیتی تھی۔
کپتان محمد رضوان نے جیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت قوم کے لیے خاص لمحہ ہے اور وہ پوری قوم کی دعاؤں اور سپورٹ کو اس کامیابی کا حصہ سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی ایک کپتان کی طرح اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے، اور آسٹریلیا کی سرزمین پر کامیابی حاصل کرنا ہمیشہ ایک مشکل چیلنج ہوتا ہے۔
رضوان نے باؤلرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کمال کا کھیل پیش کیا، جبکہ اوپنرز نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کو آسانی سے حاصل کیا۔ آخر میں انہوں نے اس جیت کو پوری پاکستانی قوم کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔