انڈے کی چمچ پر دوڑ کا عالمی ریکارڈ قائم، 2039 طلبا نے کامیابی سے دوڑ مکمل کی

 انڈے کی چمچ پر دوڑ کا عالمی ریکارڈ قائم، 2039 طلبا نے کامیابی سے دوڑ مکمل کی

 جلیسکو  : میکسیکو کے شہر جلیسکو میں 2 ہزار سے زیادہ طلبا نے ایک انوکھی اور دلچسپ دوڑ میں عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس میں انہوں نے چمچ پر انڈے کو متوازن رکھ کر دوڑ مکمل کی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی ہے کہ 2039 شرکا نے برطانیہ کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، جہاں 1400 افراد نے اس دوڑ میں حصہ لیا تھا۔

اس دوڑ میں تقریباً 2039 طلبا و طالبات نے انڈے کی زردی کے رنگ کے لباس میں حصہ لیا اور چمچ پر انڈے کو متوازن رکھ کر کامیابی کے ساتھ دوڑ مکمل کی۔ یہ دوڑ میکسیکو کے شہر جلیسکو میں 2024 کے انڈوں کے میلے کے دوران ہوئی، جس میں طلبا نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کے تمام قواعد پر پورا اترتے ہوئے حصہ لیا۔

ٹیپاٹلان پولٹری فارمرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہونے والے اس پروگرام میں مقامی ہائی اسکول کے تقریباً 2700 طالب علموں نے شرکت کی۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی کہ 2700 میں سے 2039 شرکا نے اس دوڑ کو قواعد کے مطابق مکمل کیا، جس سے یہ باضابطہ طور پر دنیا کا سب سے بڑا 'انڈہ آن چمچ' مقابلہ بن گیا۔

جلیسکو شہر میکسیکو میں انڈوں کی پیداوار کا اہم مرکز ہے، جہاں ملک کی انڈوں کی ضروریات کا نصف پیدا کیا جاتا ہے۔ یہ میلہ نہ صرف انڈوں کی پیداوار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ مقامی ثقافت اور معیشت کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔

اس دوڑ کے علاوہ، میلے میں انڈوں کی تھیم پر مبنی دیگر دلچسپ پروگرام بھی پیش کیے گئے، جن میں انڈے توڑنے کے مقابلے، کارٹ ریس، سائیکل ریس اور انڈوں کے 100 مختلف پکوانوں کی نمائش شامل تھی۔ یہ میلہ ہر سال منعقد ہوتا ہے، جس میں مقامی کمیونٹی اکٹھی ہوتی ہے اور انڈوں کی پیداوار کا جشن مناتی ہے۔

مصنف کے بارے میں