روسی صدر پیوٹن کی کوئٹہ خودکش حملے کی مذمت، پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی

10:56 AM, 10 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

 اسلام آباد: روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں 27 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

 پیوٹن نے اس وحشیانہ کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل تعاون کرے گا اور حملے میں ملوث عناصر کو ان کے جرائم کی سزا دلوانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

گزشتہ روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہوئے حملے کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی، جس میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور دہشت گردوں، غیر ملکی ایجنٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا مطالبہ کیا۔ علمائے کرام اور دیگر مذاہب کے نمائندوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ "کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام کرنے والے دہشت گرد سفاک اور قاتل ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں اور تنظیموں کی خاموشی اس قتل عام پر افسوسناک ہے۔

پاکستانی ہیومن رائٹس کمیشن (ایچ آر سی پی) نے بھی اس حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے غم میں شریک ہونے کا اظہار کیا اور حکومت سے فوری طور پر عسکریت پسندی کو روکنے کے لیے سیاسی قوتوں کے ساتھ وسیع تر بات چیت کا آغاز کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں