غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 23 فلسطینی شہید، مجموعی تعداد 43 ہزار 508 تک پہنچ گئی

10:52 AM, 10 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

 اسرائیلی فوج نے غزہ ، نصیرات اور بیت لاہیہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس سے مزید ہلاکتیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ مغربی کنارے میں بھی 2 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 43 ہزار 508 ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مطابق، غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی لبنان پر بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 لبنانی شہری شہید ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان سے فائر کیے گئے 2 ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔ اسرائیلی بمباری میں لبنان کے نباتیہ اور طائر کے علاقوں میں 3 شہری شہید ہوئے، جن میں ایک طبی عملے کا رکن بھی شامل تھا۔

جوابی کارروائی میں لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کی مختلف فوجی تنصیبات، بشمول رمات ڈیوڈ بیس، حیفہ میں نیول بیس اور ایک فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ۔

مزیدخبریں