پرتھ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا فیصلہ کن میچ پرتھ میں جاری ہے۔آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے اس میچ میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا، اور وہ پچھلے میچ کی طرح بہترین کرکٹ کھیلنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔ محمد رضوان نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "پچ مختلف نہیں لگ رہی، اس لیے ہم نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پچھلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔"
دوسری طرف، آسٹریلوی ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ دونوں ٹیموں نے سیریز کے پہلے دو میچز میں ایک ایک جیت حاصل کی ہے، اور اس وقت سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب کہ دوسرے میچ میں پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلوی بیٹرز کو قابو کیا تھا۔
پاکستان کے پاس اب ایک تاریخی موقع ہے کہ وہ 22 سال بعد آسٹریلیا کی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتنے کا خواب حقیقت بنا سکے۔ یاد رہے کہ آخری بار 2002 میں پاکستان نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔